کمٹہ :16؍جنوری (ایس اؤ نیوز) کمٹہ تعلقہ کے گوکرن کے گنگاولی میں بس کے انتظار میں کھڑے لوگوں پر اچانک ایک تیز رفتار بائک چٖڑھ گئی جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے، حادثہ جمعہ کی شام کو پیش آیا۔
اطلاع کے مطابق یہ لوگ اپنے تین بچوں کو کسی ڈاکٹر کے پاس علاج کے لئے لے جانے کے لئے بس کے انتظار میں کھڑے تھے کہ اچانکایک تیز رفتار بائک ،جس کا سوار موبائیل میں بات کررہا تھا، ٹیڑھا چلتے ہوئے ان لوگوں سے ٹکرا گیا اور تمام پانچ لوگوں کو زخمی کردیا۔
جائے وقوع پر موجود لوگوں نے فورا تمام زخمیوں کو اپنی الگ الگ سواریوں کے ذریعے گوکرن اسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں کاروار سول اسپتال روانہ کیاگیا ہے۔ شدید زخمی اُدئیے نائک (10) نامی بچے کی پیر کی ہڈی ٹوٹ کر باہر نکل گئی ہے، رنجیتا شیکھر نائک (14) نامی لڑکی کے سرپر چوٹ آئی ہے۔ ان کی ماں پروینا شیکھر نائک (45) کی ران کی ہڈی ٹوٹنے کی خبر ہے۔ ایک برس کا بچہ پرنتی سریش نائک کے سر پر زخم لگاہے۔ کاروار اسپتال میں علاج کرنےکے بعد ڈاکٹر وں کی تجویز پر پانچوں کو نیورو سرجری کے لئے گوا کے بامبولی اسپتال روانہ کیاگیا ہے۔
بائک سوار کی شناخت ہنے ہلی کے راگھویندر وٹھل گوڈا کے طورپر کی گئی ہے جس کے سرپر شدیدچوٹ لگنے کی وجہ سے اُس کا بھی علاج جاری ہے۔ معاملے کو لے کر پولس نے کیس درج کرلیا ہے۔